Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قومی اسمبلی کی لائبریری اور ریسرچ سینٹر اراکین کو قانون سازی کیلئے معلومات فراہم کرتے ہیں، پرویز اشرف

پرویز اشرف نےکہا ہےکہ قومی اسمبلی کی لائبریری اور ریسرچ سینٹر اراکین کو قانون سازی کیلئے معلومات فراہم کرتے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی کی لائبریری اور ریسرچ سینڑ کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کی لائبریری اور ریسرچ سینٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنا انتہائی خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی لائبریری اور ریسرچ سینٹر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے انتہائی اہمیت کے حامل شعبے ہیں، یہ شعبے اراکین قومی اسمبلی کو موثر اور جدید تحقیق پر مبنی قانون سازی کرنے میں معلومات اور معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جدید خطوط پر استوار ہونے کے بعد یہ شعبے پہلے سے زیادہ بہتر طریقے سے قومی اسمبلی کے اراکین کو قانون سازی اور پالیسی سازی میں معاونت فراہم کرنے کے ساتھ شہریوں اور میڈیا کو قومی اسمبلی کے متعلق معلومات فراہم کر سکیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی لائبریری اور ریسرچ سنٹر کی اپ گریڈیشن کے بعد قومی اسمبلی میں ڈیجیٹلائزیشن اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

تقریب میں جنرل سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین، سپیشل سیکرٹری برائے خصوصی اقدامات سیّد شمعون ہاشمی، سپیشل سیکرٹری قانون سازی محمد مشتاق، قومی اسمبلی کے اعلی افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version