پاکستان مسلم لیگ ن اور ایم کیوایم پاکستان کے درمیان مذاکرات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے مسلم لیگ ن کے وفد ے ملاقات کے دوران گورنر کے علاوہ کسی آئینی عہدے میں دلچسپی ظاہر نہیں کی جب کہ ایم کیو ایم نے پانچ وزارتوں کا مطالبہ بھی کر دیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے مواصلات، پورٹس اینڈ شپنگ، ہاوسنگ، پٹرولیم اور اوورسیز پاکستانیز کی وزارتوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسی وزارتیں چاہتے ہیں جس سے شہری علاقوں کی ترقی کے اپنے منصوبے پر عمل در آمد کروا سکیں۔
ذرائع ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ مواصلات، پورٹس اینڈ شپنگ اور پیٹرولیم کی پالیسی سازی ایک ساتھ ہونا ضروری ہے، اس لیے یہ وزارتیں ایک ہی جماعت کے پاس ہونی چاہیئں اور اس حوالے سے ہم نے اپنے مطالبات ن لیگ کے سامنے رکھ دیے ہیں۔
ذرائع ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان مذاکرات اور مختلف تجاویز پر غور وخوض جاری ہے۔ ایم کیو ایم کے معاملات کو پیپلزپارٹی سے سرے سے الگ رکھا جائے کیوں کہ پیپلز پارٹی سندھ میں ایم کیو ایم کو جگہ دینے کے لیے تیار نہیں ہے۔
