سری لنکن ایئر لائن کی پرواز کے دوران طیارے میں نظر آنے والے ایک چوہے کی وجہ سے ایئر لائن کا شیڈول بری طرح متاثر ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے شہر لاہور سے اڑان بھرنے والی سری لنکن ایئر لائن کی پرواز میں چوہے کی موجودگی کی وجہ سے صورتحال پیچیدہ ہو گئی۔
سری لنکا کی قومی ایئر لائن نے چوہے پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے ایک طیارے کو تین دن تک گراؤنڈ کیا جس کی وجہ سے تاخیر ہوئی اور خدشہ ظاہر کیا گیا کہ اس سے سرمایہ کار خوفزدہ ہو جائیں گے۔
پاکستان کے شہر لاہور سے سری لنکن ایئرلائنز کے ایئربس اے 330 طیارے کی پرواز میں چوہے کو کئی مسافروں نے دیکھا، جس کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کر کے تلاش شروع کردی گئی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ چوہے نے طیارے کی کوئی تار وغیرہ کو نہ چبا لیا ہو۔
ایئرلائن کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ طیارے نے اب پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں، لیکن تین دن تک کی گراؤنڈنگ کا پورے شیڈول پر اثر پڑا۔
ایئر لائن کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ طیارے کو کولمبو میں تین روز تک گراؤنڈ کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ طیارے کو اس بات کو یقینی بنائے بغیر اڑایا نہیں جا سکتا تھا کہ چوہے کو زندہ یا مردہ طیارے سے نکال لیا گیا ہے۔
مارچ 2023 کے آخر میں 1.8 بلین ڈالر سے زیادہ کا خسارہ برداشت کرنے والی سرکاری ایئر لائن کے پاس 23 کے بیڑے میں سے ایک سال سے زیادہ عرصے سے تین دیگر طیارے گراؤنڈ ہیں۔
ایئرلائن کے پاس انجنوں کی لازمی اوورہالنگ کے لئے ادائیگی کرنے کے لئے کوئی غیر ملکی زرمبادلہ نہیں ہے۔
ہوا بازی کے وزیر نمل سری پالا ڈی سلوا نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ غلطی کرنے والا چوہا قرض کے بوجھ تلے دبی ایئر لائن کو سنبھالنے میں دلچسپی رکھنے والے چند سرمایہ کاروں کو ڈرا سکتا ہے۔
