Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نواز شریف کی فضل الرحمان سے ملاقات؛ حکومت میں شمولیت پر آمادہ کرنے کی کوشش

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو منانے ان کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے جے یو آئی کے سربراہ سے ملاقات کی۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے مولانا فضل الرحمان کو حکومت میں شمولیت پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جبکہ انہوں نے اپنے تحفظات سے نوازشریف کو آگاہ کیا۔

دونوں جماعتوں کے قائدین کی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی۔

 سابق وزیراعظم نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے صدر اور وزیراعظم کے انتخاب میں ووٹ کی درخواست کی جبکہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے تحفظات سے نواز شریف کو آگاہ کیا۔

نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کو حکومت کے ساتھ چلنے کی دعوت دی تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم تو چاہتے ہیں کہ آپ ہمارے ساتھ آجائیں۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے سابق صدر آصف زرداری کے لیے بھی مولانا فضل الرحمان سے ووٹ مانگا۔

ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ چوری ہوا ہے، ہم پہلے بھی انتخابات پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں ، ہمیں ہماری سیٹیں بھی نہیں دی گئیں۔

سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ گورنر خیبر پختونخوا غلام علی، عبدالغفورحیدری اور نور عالم خان بھی موجود تھے جبکہ نواز شریف کے ہمراہ  اسحاق ڈار، احسن اقبال، سعد رفیق، رانا ثناء اللہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version