پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بیرسٹر گوہر علی خان بلا مقابلہ چیئرمین اور عمر ایوب خان بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن نے کہا کہ وفاق اور چار صوبوں میں انٹراپارٹی انتخابات ہوئے جس میں پارٹی رہنماؤں نے اپنے پینلز کے ہمراہ حصہ لیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بیرسٹر گوہر خان بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے جب کہ عمر ایوب سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔
رؤف حسن نے مزید کہا کہ بلوچستان کے علاوہ باقی صدور بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ خیبرپختونخوا میں پارٹی صدر کے عہدے کے لیے علی امین گنڈاپور اور پنجاب میں یاسمین راشد جب کہ سندھ میں حلیم عادل شیخ بلا مقابلہ صدر منتخب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے تین امیدواروں کے پینل سامنے آئے جہاں منیر بلوچ کے مقابلے میں داؤد شاہ کا پینل کامیاب ہوا اور بلوچستان کی پی ٹی آئی قیادت نوجوان کے ہاتھ میں آگئی۔
