Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رمضان المبارک سے قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی

وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق رمضان المبارک سے قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے943 کلو حشرات زدہ فوڈ آئٹمز اور 112 کلو ایکسپائرڈ اشیاء تلف کردی گئیں۔

ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد مگسی، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز کی سربراہی میں معروف ویئر ہاؤسز اور  فیٹ رینڈرنگ یونٹ نے انسپکشن کی۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ 112 کلو کھلا آئل، 90 کلو جانوروں کی آلائشیں ضبط کر کے سپلائر کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ناقابل سراغ چربی سے تیار کھلا آئل ماہ رمضان میں سموسے، پکوڑے اور دیگر خوراک کی فرائنگ کیلیے استعمال کیا جانا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سمال انڈسٹریل ایریا میں ویئر ہاؤس کو حشرات زدہ خوراک کی سٹوریج پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے، کارروائی کے سینکڑوں کلو گرام حشرات زدہ فلیورز اور دیگر خوراک برآمد کرکے تلف کردی گئی۔

محمد عاصم جاوید نے یہ بھی کہا کہ مسلم ٹاؤن میں ایکسپائرڈ کیچپ، مائیونیز اور کسٹرڈ پاؤڈر برآمد ہونے پر ویئر ہاؤس کو 50 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا، شاہدرہ پارک کے قریب جانوروں کی آلائشوں سے تیار کھلا آئل ضبط کرکے مزید جانچ کیلیے سیمپل لیبارٹری بھجوا دیئے گئے۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر شہریوں کو رمضان میں معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، روزہ داروں تک معیاری خوراک کی فراہمی کیلیے فوڈ سیفٹی ٹیمیں سحر و افطار ڈیوٹی سر انجام دیں گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version