سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم نے ایسے ادارے بنائے جن کا ملک اور عوام کو کوئی فائدہ نہیں۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قانون سازی کے ذریعے نیب کا تماشہ ختم ہونا چاہیے، نیب کا خوف جب تک رہے گا ملک کے معاملات نہیں چلیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کے خوف سے سرکاری افسران، وفاقی وزراء اور وزیراعظم کا دفتر بھی خائف ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلم لیگ ن نے انتخابات کے دوران نیب کو ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، ن لیگ اقتدار میں ہے، گزارش ہے نیب کو ختم کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایسے ادارے بنائے جن کا ملک اور عوام کو کوئی فائدہ نہیں، نیب کے لوگ کہتے ہیں کیس نہیں بنتا لیکن ہم ختم نہیں کر سکتے۔
شاہد خاقان عباسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیراعظم اور صدر دونوں نیب کے گریجویٹ ہیں، ، دونوں نیب کی جیلوں میں لمبا عرصہ گزار چکے ہیں۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجوہات بھی حکومت عوام کو نہیں بتا سکتی۔
