Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایف آئی اے پشاورزون کی کارروائیاں، جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث دوملزمان گرفتار

ایف آئی اے پشاورزون نے بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث دوملزمان کوگرفتارکرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی پشاور زون نے جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف 8 چھاپہ مار کارروائیاں کیں، چھاپوں میں 2 ملزمان گرفتاراور7 انکوائریاں بھی درج کر لی گئیں۔

چھاپہ مار کارروائیاں اینٹی کرپشن سرکل پشاور، کمپوزیٹ سرکل مردان اور ایبٹ آباد کی جانب سے کی گئی۔ رنگ روڈ پشاور میں واقع نجی کورئیر کمپنی کے آفس سے مشتبہ غیر رجسٹرڈ ادویات کی بڑی کھیپ برآمد کی گئی۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ لاکھوں مالیت ادویات کے 50 سے زائد کارٹن سیز کر دیئے گئے۔ برآمد ہونے والی ادویات میں اینٹی بائیوٹک اورمعدے سے متعلق ادویات اورانجیکشن شامل ہیں۔ مشتبہ ادویات کو ڈریپ حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق کارروائی میں اینٹی کرپشن سرکل پشاور نے جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں امتیاز اور محمد علی شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن پشاور میں مقدمہ درج تھا۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں جعلی اورغیر رجسٹرڈ ادویات برآمد کی گئیں۔ ڈریپ حکام نے موقع پر جعلی اورغیررجسٹرڈ ادویات سیل کر کے لیبارٹری بھجوا دی۔ ملزمان کے خلاف انکوائریاں درج کرلی گئی۔ڈریپ حکام کی رپورٹ کی روشنی میں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version