معروف گلوکار حبیب رحمٰن کا گانا ’میرے ڈھولے جیا‘ ریلیز کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گلوکار حبیب رحمٰن کے گانے ’میرے ڈھولے جیا‘ کی لانچنگ تقریب الفلاح تھیٹر لاہور میں منعقد کی گئی جس میں شوبز سے وابستہ افراد کے علاوہ دیگر شخصیات نے شرکت کی۔
گلوکار حبیب رحمنٰ کے گانے میں اداکارہ دیدار ملتانی نے ماڈلنگ کی ہے، گانے کو عمر حیات اور ظہیر عباس کالو نے ڈائریکٹ کیا ہے جبکہ گانے کو ذوالقرنین نے لکھا ہے ۔
حبیب رحمٰن کے گانے کو لاہور کے ایورنیو اسٹوڈیو میں عکس بند کیا گیا ہے۔
گانے کی لانچنگ تقریب میں ڈاکٹر منور چاند، چیئرمین الفلاح تھیٹر ارشد چودھری،راحیل شاہ وارثی، طاہر نوشاد، ڈی جے بٹ، ڈریس ڈیزائنر بابو، ماڈل ثمر،صائمہ خان،نمرہن بٹ،سلک اور دیگر شریک ہوئے۔
تقریب کی میزبانی کے فرائض شکیل زاہد نے دئیے، اس موقع پر گلوکار حبیب رحمنٰ نے کہا کہ گائیکی میرا جنون ہے اور یہ میرا 20 وں سونگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دیدار ملتانی نے اس ویڈیو میں بڑی محنت سے کام کیا ہے، امید ہے پرستاروں کو یہ ویڈیو بھی پسند آئے گی۔
حبیب رحمنٰ نے ایور نیو اسٹوڈیو میں ویڈیو شوٹ کرنے پر سجاد گل کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ارشد چودھری کو اپنی گائیکی کا سارا کریڈٹ دیتا ہوں۔
اداکارہ اور ماڈل دیدار ملتانی نے کہا کہ حبیب رحمنٰ کے ساتھ ویڈیو کرکے بہت اچھا لگا، خاص کر کوریوگرافر ضمیر عباس کالو نے اس ویڈیو میں بڑی محنت کروائی ہے۔
ماڈل کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے ملتان کے گلوکار ارسلان خان،ملکو،عون عباس سمیت کئی گلوکاروں کی ویڈیو کر چکی ہوں۔
ارشد چودھری نے کہا کہ یہ میرا ویڈیو سونگ لانچنگ کا پہلا تجربہ ہے اس سے پہلے اسٹیج پر اداکاروں کو متعارف کروایا ہے، امید ہے اس گانے کو پسند کیا جائے گا۔
ویڈیو میرے ڈھولے جیا کے میک اپ آرٹسٹ شاہد چٹا ہیں۔
تقریب میں ڈاکٹر منور چاند ،ارشد چوہدری ،طاہر نوشاد ،شکیل زاہد ،فریحہ خان اور ڈی جے بٹ نے گلوکار حبیب رحمنٰ کو نئے ویڈیو سونگ کی مبارکباد دی۔
