Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بار بار درخواست نہیں کی جاتی لیکن اینٹ کا جواب پتھر سے دینا چاہیے، علی امین گنڈاپور

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اسمبلی اجلاس میں کہا کہ بار بار درخواست نہیں کی جاتی لیکن اینٹ کا جواب پتھر سے دینا چاہیے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بار بار درخواست نہیں کی جاتی لیکن اینٹ کا جواب پتھر سے دینا چاہیے۔

وزیراعلیٰ  کا کہنا تھا کہ 15 دن کا وقت دیتا ہوں میرے ساتھ بیٹھ کربات کریں، آپ نے ہمارا 1510 ارب روپے بجلی کی مد میں دینا ہے، آئین وقانون کی بات کرتے ہیں تواپنی ذمہ داری پوری کریں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جو جو آپشن ہیں ان کو استعمال کرکے اپنا حق لے کر دکھائیں گے، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں آج تک ہمیں ایک روپیہ نہیں دیا گیا، چور کا لفظ برداشت نہیں کروں گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا حق دیا جا نہیں رہا اس کے بعد ٹیکسز بھی لگائے جاتے ہیں، ایسے نہیں تو ویسے صحیح کا فارمولہ ہمیں آتا ہے اور یہ ہماری رگوں میں ہے، ہمیں مجبورنہ کریں پھر کہتے ہیں میں غیر ذمہ دارانہ بیان دیتا ہوں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کہتے ہیں کہ اپنا حق مانگنا غیرذمہ داری ہے تو میں اس سے بھی آگے جاؤں گا، اپنے لوگوں کا حق مانگنا اور نہ ملنے پربیان دینے پر غیرذمہ دار کہا جاتا ہے جب کہ ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں اور لے کر بھی دکھایا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کےعوام کے ساتھ ایسا رویہ ناقابل برداشت ہے، سمجھا جارہا ہے خاموشی سے برداشت کریں گے تو ایسا نہیں ہوگا۔ وفاق نے جو 50 ارب دینے ہیں وہ ہمیں 2 ماہ کےاندر چاہئیے، آئی ایم ایف شرائط کے تحت صوبے کو 92 ارب سرپلس وفاق کو دینے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کےعوام کے لئے یہ رقم دے کر اپنا فرض پورا کروں گا، تنقید ہوتی ہے صوبے میں پی ٹی آئی کی پرفارمنس نہیں رہی جب کہ پی ٹی آئی کے ساتھ جو ہوا اس وقت کسی کو جمہوریت یاد نہیں آئی۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے بتایا کہ کے پی حکومت کو وفاق کی جانب سے 300 ارب روپے کم دیے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version