وزیر اعظم شہباز شریف نے ایس آئی ایف سی کے فیصلوں پر جلد عمل درآمد کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ایس آئی ایف سی کے فیصلوں پر جلد عمل درآمد کے لیے وزیر اعظم نے کابینہ کمیٹی برائے ایس آئی ایف سی تشکیل دے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے چیئرمین وزیر اعظم شہبازشریف خود ہوں گے جبکہ عسکری حکام اور صوبائی وزرائے اعلیٰ بھی کابینہ کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی رولز آف بزنس 1973 کے تحت قائم کی گئی ہے۔ کمیٹی میں 12 کابینہ اراکین اور چھ اراکین باہر سے ہوں گے۔
کمیٹی میں دفاع،خزانہ،منصوبہ بندی و ترقیات ،آئی ٹی ،فوڈ سیکیورٹی ،پانی و بجلی ،قانون و انصاف،سرمایہ کاری،صنعت و پیداوار اور پیٹرولیم کے وزراء شامل ہوں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کابینہ کمیٹی کے فیصلے وفاقی کابینہ میں پیش ہوں گے۔کابینہ کمیٹی کا سیکرٹریٹ ایس آئی ایف سی کے آفس میں ہوگا۔
