وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ صوبے میں خسرہ سے اب تک 18 اموات ہوچکی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر صحت پنجاب نے گوجرانولہ چلڈرن اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں پولیو مہم بھر پور طریقے سے جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں خسرہ کیسز بڑھنے کی ذمہ داری پی ٹی آئی حکومت پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف حکومت میں ویکسینیشن 90 فیصد تھی لیکن پچھلی حکومت میں بچوں کی ویکسینیشن پر توجہ نہیں دی گئی تاہم اب ہم جنگی بنیادوں پر صحت کے شعبے پر کام کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں خسرہ سے اب تک 18 اموات ہو چکی ہے، جب کہ پنجاب بھر میں خسرہ کے بچوں کی تعداد 3200 سے ذیادہ پورے سال میں نہیں تھی، گوجرانوالہ میں بھی خسرہ کے بہت ذیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، لیکن ہم دو ہفتوں کے اندر پورے پنجاب کے بی ایچ یوز میں ڈاکٹرز تعینات کردیں گے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پنجاب میں شیخوپورہ، پتوکی اور کبیر والا میں خسرہ کے کیسز سامنے آئے تھے اور خاص طور پر کبیر والہ میں خسرہ کے باعث 5 بچوں کی اموات ہوئی تھی جس کے بعد سی ای او ہیلتھ خانیوال ڈاکٹرعبد المجید کو معطل کردیا گیا تھا۔
