Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کیخلاف قومی اسمبلی میں قرارداد منظور

قومی اسمبلی نے امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظورکرلی، اس دوران سنی اتحاد کونسل کی جانب سے قرارداد کی مخالفت کی گئی۔

قومی اسمبلی میں امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کے خلاف قرارداد پیش کی گئیجس میں کہا گیا کہ پاکستان کے انتخابات میں کروڑوں پاکستانیوں نے ووٹ دیے ہیں اور امریکی قرارداد مکمل طور پر حقائق پر مبنی نہیں۔

قرارداد کے متن کے مطابق پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے، پاکستان اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت برداشت نہیں کرے گا، امریکی ایوان نمائندگان کو غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر توجہ دینی چاہیے۔

قرارداد میں مزید کہاگیا کہ ایوان چاہتا ہے کہ پاک امریکا تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہوں۔

امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظورہوئی تاہم سنی اتحاد کونسل نے قرارداد کی مخالفت کی اور ایوان میں شدید نعرے بازی کی۔

سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے قرارداد پیش کیے جانے کے دوران شدید احتجاج کیا اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر پھینک دیں، اپوزیشن ارکان نے ایوان میں سائفر، سائفر کے نعرے لگائے۔

اپوزیشن کی جانب سے شور شرابے پر شائستہ پرویز ملک نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح ساری دنیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے ہمیں اس کی مذمت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں شرم آتی ہے کہ اس وقت پاکستان کی خودمختاری پر حملہ ہو رہا ہے اور یہ لوگ اس حملے کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ان اقدامات کی مذمت کرنی چاہیے، لیکن یہ لوگ اندرونی مداخلت پر ان کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ ملک کی خودمختاری کا سوال ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی ایوان نمائندگان نے قرار داد منظور کی تھی جس میں پاکستان کے عام انتخابات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیاتھا۔

امریکی ایوان نمائندگان سے 7 کے مقابلے میں 368 ووٹوں سے منظور نان بائنڈنگ قراراداد میں کہا گیا تھا کہ 8 فروری کے الیکشن میں مداخلت اور بے ضابطگیوں کے دعوؤں کی آزادانہ اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version