مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ بجلی کی نئی قیمت صارفین کے لیے ناقابل برداشت ہو جائےگی۔
وفاقی کابینہ کی جانب سے آئی ایم ایف کے مطالبے پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری سے متعلق مشیر خزانہ مزمل اسلم نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی نئی قیمت صارفین کے لیے ناقابل برداشت ہو جائےگی، استطاعت رکھنے والے شمسی یا دوسرے توانائی پر منتقل ہو جائیں گے۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ پیداواری قیمت کے مقابلے میں نئے نرخ واضح طور پر غیر منصفانہ ہیں، پاکستانی بجلی کی پیداواری قیمت 0.04 فی ڈالر اور فروخت کی قیمت 0.3 فی ڈالرہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی بجلی کی قیمت فروخت پیداوری قیمت سے 8 گنا زیادہ ہے، یہ اضافی قیمت تقسیم کار کمپنیوں، نقصانات، ٹیکس اور سبسڈی میں جا رہی ہے۔
مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ اخراجات اور آمدنی کے تناسب سے پاکستان رہنے کے لیے سب سے مہنگا ملک ہے، ان سب کا کون زمہ دار ہے اور پاکستان کے لوگ کیوں متاثر ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے تک فی یونٹ اضافہ کردیا ہے۔
