Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

باجوڑ دھماکے کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج

باجوڑ بم دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔ 

خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقہ ڈمہ ڈولہ میں ریموٹ کنٹرول بم حملے کے نتیجے میں سابق سینیٹر ہدایت اللہ سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

شہید ہونے والے دیگر افراد میں ملک عرفان، نظر الدین، یار محمد اور سمیع الرحمان بھی شامل تھے، تمام پانچوں شہداء کی لاشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال خار باجوڑ منتقل کردی گئی تھیں۔

گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، تمام شہدا کو اپنے آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا گیا۔

باجوڑ دھماکے کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں درج کرلی گئی، ایف آئی ار میں دفعہ 302 اور دہشت گردی کے دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق سابق سینیٹر ہدایت اللہ الیکشن کمپین کے لیے ڈمہ ڈولہ جارہے تھے، ہدایت اللہ کی گاڑی پہلے سے نصب آئی ڈی بم کا نشانہ بنی، دھماکے میں ہدایت اللہ سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے اور آئی ڈی دھماکے سے سابق سنیٹیر کی گاڑی مکمل تباہ ہوگئی۔

واضح رہے کہ سابق سینیٹر ہدایت اللہ خان سال 2012 سے لے کر 2024 تک سینیٹ کے ممبر رہے، وہ دو بار فاٹا سے اۤزاد حیثیت سے سینیٹ کے ممبر رہ چکے ہیں جب کہ وہ نیکٹا کے ممبر اور سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ہوابازی کے چیئرمین بھی رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version