صوبہ بھر میں فروخت ہونیوالے آٹا پیکجنگ کے قوانین میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔
ڈائریکٹر فوڈ محکمہ خوراک پنجاب محمد شعیب خان جدون نے آٹا پیکجنگ کے نئے رنگوں، وزن اور لیبلنگ بارے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ عام آٹا، فورٹیفائیڈ آٹا ، میدہ اور سوجی کو مختلف رنگوں کے تھیلوں میں پیک کیا جائے گا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق عام آٹا سفید رنگ ،10اور 20 کلوگرام کے تھیلوں میں فروخت کیا جائے گا۔ فورٹیفائیڈ آٹا نارنجی(اورنج) رنگ کے منفرد 10 اور 20 کلو گرام تھیلوں میں فروخت کیا جائے گا۔
محمد شعیب خان جدون کا کہنا تھا کہ اسپیشل سپر آٹا 15 کلوگرام کے سلور یا گرے رنگ کے تھیلوں میں فروخت کیا جائے گا، جبکہ میدہ / فائن کو اب 50 اور 80 کلوگرام کے سفید رنگ کے تھیلوں میں فروخت کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر فوڈ پنجاب نے ہدایات کی ہیں کہ پرنٹ شدہ تھیلوں پر پروڈکٹ کا نام، اجزاء، ٹریڈ مارک ، مینوفیکچرر کا نام اور پتہ درج ہونا چاہیے۔
تھیلے کا وزن، لوگو، کوڈ نمبر، تاریخ میعاد اور لائسنس نمبر درج ہونا لازم ہوگا۔
نوٹیفیکیشن پر عملدرآمد کے حوالے سے فلور انڈسٹری کو نئے قوانین کے اطلاق کیلئے 15 روز کا کا وقت دیا گیا ہے۔
سیکرٹری فوڈ کا کہنا تھا کہ میدہ/فائن 20 کلوگرام کے تھیلوں میں بھی مارکیٹ میں فروخت ہورہا ہے اور عام آدمی کیلئے میدے اور آٹا تھیلوں میں فرق کرنا قدرے مشکل تھا۔
اس حوالے سے محکمہ خوراک پنجاب فورٹیفائیڈ آٹا کے استعمال بارے آگاہی مہم بھی شروع کرے گا۔
خواتین اور بچوں کیلئے آئرن،زنک اور دیگر وٹامنز سے بھرپور آٹا کا استعمال مفید ثابت ہوگا، جبکہ تھیلوں پر لیبلنگ اور آٹے کے معیار کی نگران پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذمہ ہوگی۔
