کراچی: سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ ایسی خبر جس سے ملک کا نقصان ہورہا ہو اس کو نظر انداز کرنا چاہیے۔
سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی پریس کلب میں سیمینار سے خطاب میں کہا کہ آصف زرداری بدترین مخالف کو بھی ٹیبل پر بٹھانے کی بات کرتے ہیں، سوچ کو بدلنا ہے ملک کا نقصان کسی صورت نہیں ہونے دینا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سب کا فرض ہے ملک کی حفاظت کے لیے کردار ادا کریں، اس وقت پاکستان کواتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے جب کہ کچھ لیڈر نفرت کی سیاست کرتے ہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ تمام جماعتوں کو ساتھ بیٹھ کر مسائل کا سامنا کرنا ہوگا، یہ نہ ہوکہ میری حکومت چلی گئی تو زہر اگلنا شروع کردوں۔
انہوں نے کہا کہ آزادی صحافت کے حامی ہیں لیکن اس کامطلب یہ نہیں کہ فیک نیوز چلائی جائیں، ایسی خبر جس سے ملک کا نقصان ہورہا ہو اس کو نظر انداز کرنا چاہئے، پیپلزپارٹی کا میڈیا ٹرائل کیا گیا تو ہم نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔
شرجیل میمن کہتے ہیں کہ اخبار کی صنعت کی بہتری کے لیے تعاون کے لیے تیار ہیں، نئی ٹیکنالوجی آگئی تو سب ٹک ٹاک اور فیس بک پر آگئے جب کہ ہم بدقسمتی سے کتابوں سے دور ہوتے جارہے ہیں۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ بی بی نے صحافیوں کے لیے ہمیشہ ایک الگ معیار رکھا ہے، کسی بھی صحافی کے نجی اسپتال میں علاج سے پیچھے نہیں ہٹے جب کہ سندھ حکومت نے صحافیوں کی مختلف تنظیموں کو گرانٹس دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت کے لیے کام کیا اور صحافیوں کے لیے سب سے زیادہ فلاحی کام سندھ حکومت نے کیے۔
