بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء نے جیل سے رہائی کے بعد اپنے پہلے ویڈیو لنک خطاب میں انتقام کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔
کرپشن مقدمے میں گزشتہ 6 سال سے قید 78 سالہ خالدہ ضیاء کو صدر شہاب الدین کے حکم پر گزشتہ روز ہی رہا کیا گیا تھا۔
بنگلہ دیش نیشلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن خالدہ ضیاء رہائی کے موقع پر کافی کمزور دکھائی دے رہی تھیں، رہائی کے بعد انہیں ایور کیئر اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں سے انہوں نے عوامی خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے شیخ حسینہ واجد کے دور اقتدار کو ظلم اور فسطائیت قرار دیا، انہوں نے انتہائی نحیف آواز میں کارکنان کو کہا کہ میں کسی سے انتقام نہیں لوں گی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق 78 سالہ خالدہ ضیاء کافی علیل نظر آ رہی ہیں اور کچھ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ شاید وہ بیماری کے باعث سیاسی سرگرمیاں ختم کر دیں گی۔
