کراچی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیمروں پر مشتمل کمانڈ اینڈ کنٹرول کا آغاز کر دیا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے کمیونٹی پولیسنگ کراچی کی جانب سے تھانہ کلفٹن اور بوٹ بیسن میں قائم ہونے والے 8 جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیمروں پرمشتمل کمانڈ اینڈ کنٹرول کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں ایس پی کلفٹن سی پی کے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مراد سونی، عامر چوٹانی،ذیشان حبیبب، خرم،عرفان ابوبکر،احمد، عمر بٹ،تیمور مصطفی و دیگر معززین اور پولیس افسران نے شرکت کی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مراد سونی نے پراجیکٹ کے حوالے سے کراچی پولیس چیف کو آگاہی فراہم کی۔
اس موقع پر کراچی پولیس چیف نے سی پی کے کی ٹیم اور دیگر معززین کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ پروجیکٹ کو کامیابی سے چلانے میں سی پی کے چیف اور انکی ٹیم کا کردار قابل ستائش ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کا کہنا تھا کہ کلفٹن کے ایریا میں 8 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جن میں جدید اے این پی آر ہائی ریزولیوشن کیمرے بھی شامل ہیں یہ کیمرے گاڑیوں کی نمبر پلیٹ شناسی کی اہلیت رکھتے ہیں۔
کیمروں کا مقصد ساؤتھ زون میں جرائم کو کنٹرول کرنے اور ملزمان کی گرفتاری بروقت عمل میں لائے جانا ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق تقریب کے اختتام پر مراد سونی اور انکی ٹیم نے کراچی پولیس چیف، ایس پی کلفٹن اور دیگر افسران کو اعزازی شیلڈ پیش کیں۔
