سندھ حکومت نے پاکستان اسپیشل اولمپکس کے تحت اسپیشل اولمپکس عالمی ونٹر گیمز 2025 میں کامیابی حاصل کرنے پر قومی دستہ کے لیے 20 لاکھ روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے پاکستان اسپیشل اولمپکس کے تحت اٹلی میں 8 سے 15 مارچ تک ہونے والے عالمی گیمز میں پاکستان کے اسپیشل ایتھلیٹس کی شاندار کارکردگی پر افطار ڈنر کے دوران کیا۔
پاکستان کے اسپیشل ایتھلیٹس نے عالمی گیمز میں مجموعی طور پر 11 میڈلز حاصل کیے تھے، جس پر پاکستان اسپیشل اولمپکس کی چیئرپرسن رونق لاکھانی کی رہائش گاہ پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا، جس میں وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر اور کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے کھیلوں کے سالانہ کیلنڈر میں اسپیشل گیمز کو شامل کر لیا ہے، تاکہ اسپیشل بچوں کو زیادہ مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
وزیر کھیل سندھ نے جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے 20 لاکھ روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا اور ان کی شاندار کامیابی پر ان کی حوصلہ افزائی کی۔
مزید برآں، سندھ حکومت نے پہلی بار اسپیشل بچوں کے لیے کراچی میں چلڈرن کلب قائم کیا ہے، تاکہ انہیں کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے زیادہ مواقع مل سکیں۔