چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نوڈیرو شہر میں پولیس کے شہید اے ایس آئی رمضان بھٹو اور ہندو تاجر سنتوش کمار کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے شہید پولیس اہلکار رمضان بھٹو کے والد اور اہلخانہ سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے رمضان بھٹو کے بلند درجات کے لیے دعا بھی کی۔
اس کے بعد، بلاول بھٹو زرداری نے نئودیرو کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے قتل ہونے والے ہندو تاجر سنتوش کمار کے اہلخانہ سے بھی ملاقات کی اور ان کے قتل پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے اہلخانہ کو بتایا کہ سنتوش کمار کے قتل میں ملوث ملزمان پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے نئودیرو میں ہونے والی ڈکیتی کی واردات کی سخت مذمت کرتے ہوئے اس کے متاثرین کے اہلخانہ سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
