شہرِ قائد شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہو رہی ہے۔ آج شہر کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
شہر میں سمندری ہوائیں مکمل معطل ہیں، تاہم شام کے اوقات میں یہ جزوی طور پر بحال ہو سکتی ہیں۔ آج کا مطلع مکمل صاف رہے گا، تاہم بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، گرمی کی شدت آئندہ 4 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں گرمی کی شدت، لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھ گیا
محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ گرمی کی شدت سے بچا جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کے شدید اثرات سے بچنے کے لیے شہری بلاضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں، شدید گرمی کے دوران باہر نکلتے وقت سر پر ٹوپی یا رومال رکھیں، مناسب مقدار میں پانی پئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔
زیادہ تر وقت ٹھنڈی جگہوں پر گزاریں اور براہِ راست دھوپ سے بچیں، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خاص خیال رکھیں۔
