سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اورپختونخوا میں 12 بھارتی اسپانسرڈدہشتگرد واصل جہنم کردیے۔ بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے لیفٹیننٹ سمیت 4 جوان شہیدہوگئے۔
خیبرپختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 7 خوارجی مارے گئے۔
جبکہ پاک فوج کے لیفٹیننٹ سمیت 4 اہلکار بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر قربان ہوگئے۔
28 اور 29مئی کی درمیانی شب خوارج نے شوال میں فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے مؤثر طریقے سے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 6 خوارج مارے گئے۔
وطن پر قربان ہونے والے شہدا کی تفصیل
بہادری سے لڑتے ہوئے مردان کے 24 سالہ لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل اپنے3 جوانوں سمیت شہید ہوگئے۔
دیگر3شہدامیں 42 سالہ نائب صوبیدارکاشف رضا،ہری پورکے 35 سالہ لانس نائیک فیاقت علی او ایبٹ آباد کے 26 سالہ سپاہی محمد حمید شامل ہیں۔
دریں اثناء ضلع چترال میں ہونے والے ایک اور مقابلے میں ایک بھارتی اسپانسرڈخارجی مارا گیا۔
علاوہ ازیں ممکنہ بھارتی اسپانسرڈخارجی کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس اپریشن بھی کیا گیا۔
ترجمان افواج پاکستان نے واضح کیاکہ پاک فوج بھارتی اسپانسرڈدہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزیدمضبوط کرتی ہیں۔
کیچ میں ایک اور لورالائی میں 4 دہشتگرد واصل جہنم
مزیدبراں مسلح افواج نے بلوچستان میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہند کے 5دہشتگرد واصل جہنم کردیے۔ کیچ میں ایک، لورالائی میں 4دہشتگردمارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 28 مئی کو بلوچستان میں سیکیورٹی فورسزنے 2 کارروائیاں کی۔ ان کارروائیوں میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہند کے 5 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔
سیکیورٹی فورسزنے لورالائی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔ یہ آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پرکیاگیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسزاوردہشتگردوں میں شدید فائرنگ تبادلہ ہوا۔4بھارتی پراکسی دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگردوں سے بڑی مقدارمیں ہتھیار،ایمونیشن اوربارودی مواد بھی برآمدہوا۔
ہلاک دہشت گردعلاقے میں دہشت گردی کی کئی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
مارے گئےدہشتگرد 26 اگست 2024 اور 18 فروری 2025 کو ہونے والی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
انہی دہشت گردوں نے 26 اگست اور 18 فروری کودہشتگردی کی کاروائیوں میں معصوم شہریوں کوشہیدکیاتھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردقانون نافذ کرنے والے اداروں کومطلوب تھے۔
سیکیورٹی فورسز پوری تندہی سے دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے ان کے تعاقب میں تھیں۔ سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی ضلع کیچ میں کی۔کیچ میں ہونے والی کارروائی میں بھی ایک دہشت گرد مارا گیا۔
صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف،وفاقی وزرا،چاروں وزائے اعلیٰ اور گورنرز نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔ صدر زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغامات میں کہاہے کہ بزدل دہشتگرد قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
