Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی، ملیر جیل سے فرار قیدیوں کیلیے صوبائی وزیر علی حسن زرداری کا بڑا اعلان

صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات علی حسن زرداری نے ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں کے بارے میں اہم اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو قیدی خود واپس آئیں گے، ان کی سزا میں تین ماہ کی کمی کی سفارش کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے یہ بات اپنے ہنگامی دورے کے دوران ملیر جیل میں کی، جہاں وہ جیل کے حالیہ واقعے کی تفصیلات جاننے کے لیے پہنچے تھے۔

علی حسن زرداری نے اس واقعے کی مکمل انکوائری کا وعدہ کیا اور واضح طور پر کہا کہ جیل کی سیکیورٹی میں غفلت کے ذمہ دار افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کراچی ملیر جیل، صوبائی وزیر کا سخت پیغام، غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی

وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے۔ علی حسن زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ کی جیلوں کو اصلاحی مراکز میں تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، اور جیلوں کے نظام میں بہتری لانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا اثر صاف نظر آنا شروع ہو گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مافیا کے خلاف سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور جیلوں میں کھانا پہنچانے والوں سے سخت پوچھ گچھ ہو رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کسی بھی مافیا کو رعایت نہیں ملے گی اور میرے اقدامات سے جیلوں کے نظام میں واضح بہتری آئی ہے۔

صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ ان کے اچانک دورے جیلوں میں موجود مافیاز کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکے ہیں اور وہ ان کی سرگرمیوں کو ختم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version