بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں خون کی ہولی کھیلی گئی، جہاں دشمنی پر مبنی جھگڑے نے تین افراد کی جان لے لی۔ یہ واقعہ صرف دشمنی نہیں، سفاکی کی انتہا تھا اور اس کی خصوصی سی سی ٹی وی فوٹیج صرف بول نیوز نے حاصل کر لی ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ چند افراد گھر کے باہر سڑک پر جمع ہیں، ماحول نسبتاً پر سکون دکھائی دیتا ہے۔ مگر اگلے ہی لمحے، بات چیت کے دوران اچانک ایک شخص اندھا دھند فائرنگ شروع کر دیتا ہے، اور موقع پر بھگدڑ مچ جاتی ہے۔
فائرنگ سے دو افراد موقع پر ہی گر جاتے ہیں، جب کہ عقب سے ایک اور شخص کو گھسیٹ کر لایا جاتا ہے اور بیچ سڑک پر بے رحمی سے گولیاں مار کر قتل کر دیا جاتا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے نہ صرف برسٹ فائر کیا بلکہ مرنے والے کے پاس سے پستول بھی نکال کر اسی سے مزید فائرنگ کی۔ اس دوران مقتول پر پستول کے بٹ سے بھی تشدد کیا گیا، جو واقعے کی سنگینی اور درندگی کو ظاہر کرتا ہے۔
۔
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعہ سسر اور داماد کے درمیان جاری ذاتی تنازع کا شاخسانہ تھا، جو انجام کار تین زندگیاں نگل گیا۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچی اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، جب کہ دیگر کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مقدمہ مقتول غوث کے بھائی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، جس میں داماد اور دیگر رشتہ داروں کو نامزد کیا گیا ہے۔
