Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسمبلیوں کی تحلیل میں تاخیر، عمران خان کا استعفوں کی تجویز پر مزید مشاورت کا فیصلہ

صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل میں تاخیر کے معاملے پر سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے استعفوں کی تجویز پر مزید مشاورت کا فیصلہ کر لیا ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کا قومی اسمبلی کی طرح پنجاب اسمبلی سے بھی استعفے کی تجویز زیر غور ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین کو تجویز دے دی گئی ہے کہ اگر اسمبلی کی تحلیل میں تاخیر ہوئی تو پی ٹی آئی اراکین استعفے دے سکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعت کی جانب سے اسمبلی کی تحلیل میں لعیت و لعل پر اراکین اسمبلی کے استعفوں کی تجویز دی گئی، اگر پنجاب اسمبلی عمران خان کے موقف کے مطابق تحلیل ناہ کی گئی تو اراکین مستعفیٰ بھی ہوسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ کے پی ٹی آئی مخالف بیانات پر پارٹی کے اندر تحفظات پائے جاتے ہیں، پی ٹی آئی کے اندر وزیراعلیٰ کی جانب سے بعض پی ٹی آئی اراکین کے ساتھ اسمبلیوں کی تحلیل نہ کرنے کے روابط پر بھی تشویش پائی جاتی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اسمبلیوں سے اراکین کے استعفوں کے معاملے پر پی ٹی آئی قیادت مشاورت کرے گی جبکہ اسمبلیوں سے استعفوں اور تحلیل کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب، 09 جنوری کو اعتماد کا ووٹ لئے جانے کا امکان

دوسری جانب پنجاب اسمبلی کا اجلاس نو جنوری کو طلب کر رکھا ہے جس میں وزیراعلیٰ کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لئے جانے کا امکان ہے۔

 اسپیکر پنجاب اسمبلی کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی کے 11 جنوری کو ہونے والے اجلاس کی تاریخ کو تبدیل کرتے ہوئے نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نئے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کا آئندہ آجلاس 09 جنوری 2023 کو دوپہر 2 بجے منعقد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق 09 جنوری کو ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ کی  جانب سے اعتماد کا ووٹ لئے جانے کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version