جماعت اسلامی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جاری ہے ۔
کراچی بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی، نتائج میں تاخیر کے خلاف امیرا جماعت اسلامی کی کال پر احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا ہے۔
احتجاجی مظاہرے میں نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم، امیر جے آئی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا شریک ہیں جبکہ مظاہرین کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔
مظاہرین کی ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھاکر الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی جارہی ہے اور پریس کلب کے سامنے سڑک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی کا بلدیاتی انتخابات کے نتائج کیخلاف احتجاج کا اعلان
اس موقع پر امیر جے آئی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کےمسائل کا حل جماعت اسلامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی بلدیاتی الیکشن کے نتائج میں پی پی نے تبدیلی کی جسے کامیاب نہیں ہونے دینگے اور کراچی میں کامیابی کے بعد اسلام آباد میں بھی کامیابی حاصل کرینگے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی سب سے بڑی جماعت جماعت اسلامی ہے، کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا حافظ نعیم الرحمٰن ہوگا اور بہت جلد اسلام آباد کا میئر میاں اسلم ہونگے ۔
بعدازاں امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے، کراچی کا میئر حافظ نعیم الرحمٰن ہی ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے بعد اسلام آباد اور ملک بھر میں جماعت اسلامی کامیابی حاصل کریگی اور راج الحق کی قیادت میں پاکستان کو مسائل سے نکالیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج مکمل؛ پیپلزپارٹی نے میدان مارلیا، جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر
خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے بیان جاری کیا کہ جماعت اسلامی کراچی بلدیاتی الیکشن میں بڑی پارٹی بن کرسرفہرست آئی، پولنگ ایجنٹوں کے نتائج واضح ہیں کہ جماعت اسلامی اکثریت میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نتائج میں تاخیر شکوک و شبہات بڑھا رہی ہے، جماعت اسلامی کے علاوہ دیگرجماعتوں کے انتخابی نتائج میں بھی ردوبدل کی جا رہی ہے، اپیل کرتا ہوں ملک کے بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں۔
