محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ کی جانب سے خواتین کیلئے مخصوص پنک پیپلز بس سروس چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ایک اجلاس میں پنک پیپلز بس سروس کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ خصوصاً ملازمت پیشہ خواتین کے سفری مسائل کو مد نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے پنک پیپلز بس سروس کا آغاز کیا جائے گا جس کے پہلے روٹ کے لیے ماڈل کالونی ، شاہراہِ فیصل تا ٹاور روٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز بس سروس کو مختصر عرصہ میں بے پناہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے، شرجیل انعام میمن
انہوں نے بتایا ہے کہ پنک بس سروس دفتری اوقات میں صبح اور شام کے اوقات میں ہر 20 منٹس کے بعد چلے گی اور دفتری اوقات کے بعد معمول کے اوقات میں ہر ایک گھنٹے کے بعد پنک بس سروس چلے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں نارنجی، سرخ اور سفید کے بعد خواتین کے لیے اب (گلابی) پنک بس سروس کا آغاز کرنے جا رہے ہیں ۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہپاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی طرف تیزی سے گامزن ہے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں سکھر، لاڑکانہ، حيدرآباد میں پیپلز بس سروس کے آپریشنز اور کراچی میں روٹ 4، 5, 6 اور 7 کے آغاز کا بھی جائزہ لیا گیا اور سکھر میں 29 جنوري کو پیپلز بس سروس کا آغاز کرنے کی ہدایتبھی جاری کردی۔
صوبائي وزير نے ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو کراچی میں پیپلز بس سروس کے بقیہ روٹس کا دورہ کرنے اور سڑکوں کی بہتری کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہکراچی کے روٹ 4، 5, 6 اور 7 پر جلد از جلد بسیں چلانی ہیں ، تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہو ۔
خیال رہے کہ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنہ ، آپریشن منیجر این آر ٹی سی عبدالشکور نے شرکت کی ۔
یہ بھی پڑھیں: ’کراچی میں نئی الیکٹریکل بس سروس شروع کرنے کا فیصلہ‘
