Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیئرمین پی ٹی آئی سمیت دیگر رہنماؤں کی پشاور دھماکے کی مذمت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں نے پولیس لائنز پشاور کی مسجد میں خود کش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پشاور دھماکے پر شدید دکھ کا اظہار کیا ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پر ملک میں بڑھتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

چیئرمین عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ پشاور میں پولیس لائنز مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور دھماکے کے متاثرین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتا ہوں۔

اسد عمر

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ پشاور میں مسجد میں حملہ افسوس ناک اور قابلِ مذمت ہے۔

سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے مزید کہا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے معاشی بحران کے ساتھ دہشت گردی میں بھی خطرناک اضافہ ہو رہا ہے۔

شیخ رشید

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور دھماکا افسوس ناک ہے، پولیس لائن میں دھماکا دہشتگردوں کاسگنل ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ دہشتگرد پولیس لائن پہنچ سکتے ہیں تو کہیں بھی جاسکتے ہیں۔

اسد قیصر

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے بھی اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ پشاور پولیس لائن دھماکہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت واقعہ ہے، اللہ تعالی سے زخمیوں سے جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں وامان کی بگڑتی صورتحال اور دہشت گردی کے پے در پے واقعات انتہائی تشویش ناک ہے۔

علی زیدی

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے بھی پشاور میں دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں خودکش دھماکہ حکومت اور قومی اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

علی زیدی نے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کے لیئے دعاگو ہیں، زخمیوں کو فوری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کافی عرصے بعد پاکستان کو امن نصیب ہوا تھا، ملک میں ایک مرتبہ پھر دہشتگردی سر اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو سوچی سمجھی سازش کے تحت دہشتگردی کی آگ میں دھکیلا جارہا ہے، موجودہ دہشتگردی کی لہر پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ہے۔ پاکستان مخالف قوتیں اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہونگی۔

عمران اسماعیل

پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ پشاور دھماکے پر رنج ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افسوس یہ ہے کہ دہشت گردی پھر سر اٹھا رہی ہے اور حکومت سب اچھا ہے کے راگ الاپ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پشاور؛ پولیس لائن مسجد میں دھماکا، 17 نمازی شہید، 100سے زائد افراد زخمی

متعلقہ خبریں

Exit mobile version