پاکستان سنٹرل کاٹن کمیٹی ملتان کے ملازمین گزشتہ 8 ماہ سے تنخواہوں اور پینشن سے محروم ہیں جس کے باعث ملازمین سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے گھر کے باہرسراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں ملازمین کا تنخواہیں نہ ملنے پر سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے گھر کے باہر احتجاج جاری ہے جہاں مشتعل مظاہرین کی جانب سے تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کرتے ہوئےحکومت کے خلاف نعرے بازی کی جارہی ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ تنخواہیں اور پینشن کی عدم ادائیگی سے گھروں میں فاقوں کی نوبت آچکی ہے اور 1100 سے زائد ملازمین 8 ماہ سے تنخواہوں اور پینشن سے محروم ہیں۔
مظاہرین نے مزید کہا کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
