ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان جاری ہے جامشورو میں بھی دن بہ دن بڑھتی ہوئی مہنگائی سےستائے شہری احتجاجاََ ٹرین کی پٹری پر لیٹ گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوٹری میں شہری مہنگائی کےخلاف احتجاج کرتے ہوئے ٹرین کی پٹری پر لیٹ گئےاورحکومت کےخلاف نعرے بازی کی۔
ذرائع کی رپورٹ کے مطابق مہنگاٸی کےخلاف اس احتجاج میں شہریوں نے ہاتھوں میں پمفلٹ بھی اٹھا رکھے تھے۔ اس احتجاجی مظاہرے کی قیادت ستار لہڑ، پہنل چانڈیو اورآکاش کونہارو کررہے تھے۔
شہریوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مہنگاٸی میں فوری کمی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
حیدرآباد میں بھی مہنگائی کا جن بے قابو
ذرائع کی رپورٹ کے مطابق حیدرآباد میں حالیہ ڈیری پراڈکٹس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ بنیادی اشیاء کی قیمتیں بھی اس وقت آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔
حیدرآباد میں دودھ کی قیمت میں 20 روپے مزید اضافے کا امکان،200 روپے ہونے کاعندیہ
ذرائع نے بتایا ہے کہ حیدرآباد میں دودھ کی قیمت میں مزید 20 روپے اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے،دودھ کی قیمت 200 روپے تک ہونے کا عندیہ دے دیا گیا ہے، اس اضافے سے ڈیری پراڈکٹس کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
ذرائع کی رپورٹ کے مطابق 20 روپے والا مکھن 30 اور 40 روپے والا 60 روپے تک فروخت کیا جارہا ہے جبکہ بریڈ سلائیس 70 روپے والے 95 روپے میں اور 100 والے 130 روپے میں فروخت ہورہے ہیں۔
جبکہ حیدرآباد میں دہی 240 سے 260 روپے فی کلو اور انڈے 300 روپے درجن کے حساب سے فروخت کئے جارہے ہیں۔
کوئٹہ میں مرغی گوشت کی قیمتوں میں گزشتہ 3 ماہ سے مسلسل اضافہ
کوئٹہ میں مرغی کےگوشت کی قیمتوں میں ایک ہفتے کے دوران 100 روپےتک کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کے بعد مرغی کا فی کلو گوشت 550 سے650 روپے تک ہوگیا ہے۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ مرغی کی قیمتوں میں اضافہ مرغی کی فیڈ اور دیگر اخراجات کے باعث ہوا ہےجبکہ دوسری جانب دوکاندار لوگوں کی خریدرای نہ کرنےکے باعث پریشانی کا اظہار کررہے ہیں۔
