محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک اور مغربی لہر 21 مارچ سے پاکستان میں داخل ہونے کا امکان ہے اور 22 مارچ کو ملک کے بیشتر حصے اس موسمی نظام کے زیر اثر ہوں گے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ تیز ہوا اور ژالہ باری ملک میں ڈھیلے انفرا اسٹرکچر اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ موسلا دھار بارش سے کوئٹہ، چمن، پشین، بارکھان، موسیٰ خیل، قلات، خضدار میں سیلاب آسکتا ہے۔
اس کے علاوہ 22 اور 23 مارچ کو نصیر آباد، جعفرآباد، کوہلو، ژوب، سبی، تربت، آواران، پنجگور، ڈی جی خان کے پہاڑی طوفان کا امکان ہے جبکہ پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں 23 اور 24 مارچ کو شہری سیلاب کا امکان ہے۔
پیش گوئی کی مدت کے دوران خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوسکتی ہے جبکہ اسپیل کے دوران دن کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سیاحوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ پیشین گوئی کی مدت کے دوران زیادہ محتاط رہیں اور تمام متعلقہ حکام کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے “الرٹ” رہیں۔
