ملک کے مختلف حصوں میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر وزیراعظم کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو ملک کے مختلف حصوں میں آنے والے زلزلے کے بعد عوام کی خیریت اور سلامتی کے لیے دعا کی اور کہا کہ اللہ تعالیٰ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے اور ملک کو تمام آفات سے محفوظ رکھے۔
وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور دیگر متعلقہ محکموں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے چوکس رہنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپنے اپنے علاقوں میں فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
وزیراعظم کی زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت سمیت جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر کی دعا کی۔
خیال رہے کہ دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
پشاور، لاہور، کوہاٹ، صوابی، بہاول پور، لودھراں، ڈی جی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار اور کرک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں اسکردو، چلاس، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پتوکی، میانوالی، شاہ کوٹ، کمالیہ، بورے والا ، پھولنگر، قصور، شیخوپورہ خوشاب اور اوکاڑہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ خوفزدہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 سے لے کر 7.7 تھی جب کہ مرکز افغانستان سے 90 کلومیٹر دور ہندوکش پہاڑی سلسلہ تھا۔
خاتون جاں بحق، متعدد افراد زخمی
ملک کے مختلف شہروں میں آنے والے زلزلے سے ایک خاتون جاں بحق جب کہ 44 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
شدید زلزلے کے باعث مختلف شہروں میں دیواریں گرنے اور بھگدڑ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے۔
