وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس حسبِ معمول الزام تراشی اور لغویات کا مجموعہ ہے، الیکشن کا وقت قریب آتا دیکھ کر اس آئین شکن گروہ کے ہاتھ پاؤں پھول رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات کو مجرموں کی یہ جماعت اپنے ذاتی مفادات کی خاطر استعمال کر رہی ہے، تاریخ گواہ ہے کہ تحریک انصاف نے اپنی 27 سالہ تاریخ میں کبھی انتشار کا راستہ اختیار نہیں کیا، آزادانہ تحقیقات سے یہ ثابت ہو گا کہ 9 مئی کی منظم سازش میں کون کون سے کردار ملوث تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسروں پر سازش کے الزام لگانے والے دراصل خود ایک سازش کی پیداوار ہیں، بند کمروں میں سازشوں کے جال بننے والے آج ملک و معیشت کو تباہی کے دہانے پر لے آئے ہیں، تاریخی مہنگائی اور تاریخی قرض لے کر ان نااہلوں نے تاریخ کے تمام بدترین ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ قوم ن لیگ کے لگائے گئے مہنگی بجلی کے منصوبوں کی قیمت آج بدترین لوڈشیڈنگ اور بلند نرخوں کی صورت میں ادا کر رہی ہے، قوم اب مزید ان کے کسی گمراہ کن پروپیگنڈے پر کان نہیں دھرے گی، سسلین مافیا کو جب جب موقع ملا انہوں نے ملک و قوم کا پیسہ خوب زور و شور سے لوٹا جبکہ اداروں کو یرغمال بنا کر اپنی چوری کے تمام شواہد مٹائے اور چوروں نے خود کو این آر او دے دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مریم اورنگزیب کے ‘تاحیات قائد’ اور ان کی بیٹی آج تک بیرون ملک جائیدادوں کی رسیدیں نہ دکھا سکے، بے شرموں نے توشہ خانہ سے گاڑیاں چرانے سے لر پائن ایپل کے ڈبے تک نہیں چھوڑ ے، ن لیگ اس بات کا جواب کیوں نہیں دیتی کہ ان کی پارٹی کو کون سے فنڈنگ دیتا ہے؟۔
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے خون کا سودا کرنے اور مودی کو گھروں کی شادیوں میں بلانے والے کبھی اس وطن کے ساتھ مخلص نہیں ہو سکتے، عمران خان مفرور بزدل بھگوڑے کی طرح باہر نہیں بھاگے یہاں رہ کر بھونڈے مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ الیکشن نزدیک آتے ہی یہ چور اپنی لوٹی ہوئی دولت سمیٹ کر باہر بھاگیں گے، شریفوں کی کنیز خاص اپنی فکر کریں اور کہیں اور ڈھنگ کی نوکری تلاش کر لیں۔
ترجمان تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ آج کا نوجوان حقیقی آزادی کی دوڑ میں اپنے لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے، سازش اور فارن فنڈنگ جیسا چورن آج کے باشعور نوجوان کے آگے نہیں بکے گا۔
ہم صرف نعرے نہیں لگاتے کام بھی کرتے ہیں، مریم اورنگزیب
واضح رہے اس سے قبل وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ چار سال دعوے کیے گئے پشاور کو سوئٹزر لینڈ بنادیں گے، گزشتہ چار سال احتساب بیوریو میں تالا لگا دیا گیا، 350 ڈیم بنانے تھے وہ تو کہیں نظر نہیں آرہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے ملک کو تعمیر کرنے کا ووٹ دیا تھا جلانے کا نہیں۔ 9 مئی کاف ائدہ صرف اور صرف ملک دشمن کو ہوا ہے، ایک شخص ہر وقت جھوٹ، پروپیگنڈا اور سازش میں مصروف رہتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سائفر لہرایا گیا کہا گیا امپورٹڈ حکومت آگئی ہے، وہ سازش باجوہ سے شروع ہوئی اور محسن نقوی پر ختم ہوگئی، پہلی بار کسی وزیر اعظم کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 14ماہ کا دورانیہ پتا ہی نہیں چلا کہ کیسے گزرا، پچھلا وزیراعظم کہتا تھا رونا اور گھبرانا نہیں ہے اور موجودہ وزیر اعظم کہتے ہیں سونا نہیں ہے بس کام کام اور کام۔
