صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو فلپائن، ایران اور روانڈا کے نامزد سفراء نے سفارتی اسناد پیش کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت سے فلپائن کی نامزد سفیر ماریا سروینٹس، پاکستان کیلئے نامزد ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم، پاکستان میں روانڈا کے نامزد ہائی کمشنر جیمز کیمونیو نے ملاقات کی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نے ہم فلپائن، ایران اور روانڈا کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان فلپائن کے ساتھ تعاون کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان قائم ادارہ جاتی نظام اور نجی شعبے کے تعاون سے اقتصادی روابط کو فروغ دینا ہو گا۔
صدر مملکت نے اس دوران روانڈا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دوطرفہ تجارت کے فروغ کیلئے کاروباری برادریوں کو دورے کرنے کی ضرورت ہے، روانڈا کے تاجر مختلف مصنوعات کی درآمد کیلئے پاکستانی مارکیٹ کا جائزہ لیں۔
