امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ 15 مہینے میں حکومت کی کارکردگی کوئی کارنامہ نہیں صرف ڈرامہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چینی، آٹا، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ناقابل برداشت ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی قوم کے ساتھ مذاق ہے۔
انہوں نے کہا کہ روپے کی تاریخی بے قدری کے بعد قدر میں 3 فیصد اضافہ کمال نہیں، عوام فاقوں اور خودکشیوں پر مجبور ہے جبکہ حکمران چین کی بانسری بجا رہے ہیں، 15 مہینے میں حکومت کی کارکردگی کوئی کارنامہ نہیں صرف ڈرامہ ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکمران حالات کی خرابی کے ذمہ دار ہیں، جماعت اسلامی ملک میں سیاسی، معاشی اور سماجی پولوشن کا سولوشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ متوسط اور غریب طبقے کیلیے قیامت سے کم نہیں، پاکستان کے پاس وسائل کی کمی نہیں بلکہ ویژن کی کمی ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مزید کہا کہ مسئلہ گندم کی عدم دستیابی کا نہیں، حکومتی نااہلی، کرپشن اور لوٹ مار کا ہے، جماعت اسلامی پسے ہوئے طبقات کی پشت پر کھڑی ہے۔
