آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 258ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں دہشت گردی کے خلاف مادر وطن کے تحفظ کے لئے جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کرنے والے سپاہیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کی گئی۔
کور کمانڈرز کانفرنس کو ملک کی داخلی سلامتی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی جبکہ کانفرنس میں شرکاء کو داخلی سلامتی کے موجودہ ماحول کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
کور کانفرنس کو معاشی بحالی کے حکومتی منصوبے اور فوج کے کردار سے بھی آگاہ کیا گیا جبکہ کور کمانڈرز کانفرنس میں پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی امور پر بھی غور کیا گیا۔
کانفرنس میں کہا گیا کہ پڑوسی ملک میں کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر گروہوں کے لئے محفوظ پناہ گاہیں اور کارروائیوں کی آزادی اور جدید ہتھیاروں کی دستیابی سے پاکستان کی سلامتی پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
کانفرنس کو ایس آئی ایف سی کے تحت زراعت،آئی ٹی،کان کنی و معدنیات اور دفاعی پیداوار کے حوالے سے بریف کیا گیا جبکہ شرکا نے معاشی بحالی کے لئے حکومت پاکستان کے تذویراتی اقدامات کی مکمل حمایت کی۔
کانفرنس میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ معروضی تربیت ہماری پیشہ ورانہ مہارت کا خاصہ ہے جبکہ بہترین تربیت پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کا طرہ امتیاز ہے، قومی سلامتی کو درپیش لاحق خطرات سے نمٹنے کے لئے ہمیں تیار رہنا ہوگا۔
