Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے، علی امین گنڈا پور

علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر تحریک انصاف خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے پرویز خٹک کی نئی پارٹی کے قیام پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پرویز خٹک کی قیادت میں بے ضمیروں کے ٹولے کی عوام میں کوئی حیثیت نہیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آج جو لوگ نئی پارٹی کے قیام پر خوشی منا رہے ہیں یہ ان کی وقتی خوشیاں ہیں، آنے والا دور تحریک انصاف کا ہے۔

 صدر پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے آج بزدلوں کا صفایا ہوگیا، آج جانے والے عوام کا سامنا نہیں کرسکیں گے اور عوام ان کو آئینہ دکھائے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کی وجہ سے یہ لوگ اسمبلی پہنچے آج ان لوگوں نے احسان فراموشی کی، تحریک انصاف چھوڑنے والے اپنے زور بازو پر کونسلر کی سیٹ بھی نہیں جیت سکتے اور یہ خود کو پارلیمنٹرین کہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خود کو غیرت مند کہنے والوں نے تحریک انصاف کو سخت وقت میں چھوڑ کر بے غیرتی دکھائی اور پختون روایات کی پامالی کی، عوام الیکشن میں اپنے ووٹ سے بدلہ لے گی۔

صدر تحریک انصاف خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی سیاست میں ایک حقیقت ہے، تحریک انصاف بھرپور مقابلہ کرے گی اور عوام کی سپورٹ سے الیکشن جیتے گی۔

پرویز خٹک نے نئی سیاسی جماعت کا اعلان کردیا

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما و سابق وزیر دفاع  پرویز خٹک نے “پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز” کے نام سے پارٹی کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی زیر صدارت  پشاور کے قریب چمکنی میں اجلاس کے بعد پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے قیام پر اتفاق ہوا۔

 پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکانِ اسمبلی نے پرویز خٹک کی حمایت کا اعلان کیا تاہم سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان بھی نئی سیاسی جماعت میں شامل ہیں۔

پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر اشتیاق ارمڑ اور شوکت علی نئی پارٹی کا حصہ ہیں تاہم ارکانِ اسمبلی نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی وجہ سے پی ٹی آئی سے راہیں جدا کی تھیں۔

اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ سانحہ 9 مئی جیسے واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، پاکستان کی وجود سے ہی ہم سب کا وجود ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version