وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق حکومت نے ملکی معیشت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے آسٹریلیا کے پاکستان میں سفیر نیل ہاکنز نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، معاشی استحکام، فلم، آرٹ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔
آسٹریلیا کے سفیر نے موجودہ حکومت کے ملکی معیشت کے استحکام اور آئی ایم ایف معاہدے کیلئے کاوشوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت نے ملکی معیشت کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھائے، حکومتی اقدامات کی بدولت ملکی معیشت میں مثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے قیام کے بارے میں بھی آسٹریلیا کے سفیر کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کونسل معاشی بحالی کیلئے پالیسی کی پیشنگوئی، تسلسل اور موثر نفاذ کو یقینی بنائے گی، ایس آئی ایف سی فیصلہ سازی کے اعلیٰ فورم پر کام کرے گی، حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، حکومت نے اقتدار میں آتے ہی پہلے ہفتہ کے دوران آزادی اظہار رائے کا بل پارلیمنٹ میں پیش کیا، جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ترمیمی) بل منظوری کے مراحل میں ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ رواں برس بجٹ میں صحافیوں اور فنکاروں کی ہیلتھ انشورنس کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی ہے، پہلی مرتبہ فلم انڈسٹری کے لیے بجٹ مختص کیا گیا ہے، اسکرین ٹورازم کے ذریعے پاکستانی ثقافت تہذیب و تمدن پوری دنیا کو دکھانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے آسٹریلیا کے سفیر کو نیشنل امیچور فلم فیسٹیول کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل امیچور فلم فیسٹیول کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے، نیشنل امیچور فلم فیسٹیول ایوارڈ کے لئے حال ہی میں 25 ہائی اچیورز آسٹریلیا روانہ ہوئے ہیں، حکومت نے 2 ارب روپے کی لاگت سے فلم فنانس فنڈ قائم کیا، فلم کے شعبہ میں بہت سی مراعات دی گئی ہیں، حکومت فلم ڈاکومنٹری اور ڈرامہ تیار کرنے پر فنڈز فراہم کرے گی، غیر ملکی فلم سازوں کو پاکستان میں عکس بندی اور فلم سازی کے شعبہ میں خصوصی رعایتوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔
آسٹریلیا کے سفیر نے وفاقی وزیر اطلاعات کی فلم اینڈ کلچر اور ملک میں آزادی اظہار رائے کے فروغ کے لئے کوششوں کو سراہا
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کا میڈیا پاکستان کے حالات کو معروضی اور غیر جانبدارانہ انداز میں رپورٹ کرتا ہے جو لائق تحسین ہے، پاکستان میں پیمرا کے قانون کو بدلا جا رہا ہے، پیمرا اتھارٹی میں صحافتی تنظیموں کو بھی نمائندگی دی گئی ہے۔
آسٹریلوی سفیر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی کمپنی ریکوڈک منصوبہ پر بلوچستان میں کام کر رہی ہے، ریکوڈک منصوبہ بلاشبہ پاکستان کی ترقی کا دروازہ کھولے گا۔
