محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے فرانس کے سفیر نکولیس گیلے کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعاون کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نےکہا کہ پاکستان اور فرانس کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں، دونوں ملکوں کے مابین معاشی،تجارتی اوردیگر شعبو ں میں تعلقات کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثقافت، سیاحت اور واٹر ٹریٹمنٹ کے حوالے سے فرانس کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، صوبائی افسروں ا ور ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مینجمنٹ سکلز کے حوالے سے ٹریننگ فراہم کرنے کے حوالے سے فرانس کے تعاون کاخیر مقدم کریں گے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ زرعی شعبہ کو توانا کرنے اور پیداوار بڑھانے کے حوالے سے فرانس کی مہارت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، تاریخی عمارتوں کی بحالی کے پروگرام میں معاونت پر فرانس کے شکر گزار ہیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو5 مزیدتاریخی عمارتوں کی بحالی کا ٹاسک دیا ہے۔
اس موقع پر فرانسیسی سفیر نےکہا کہ تاریخی عمارتوں کی بحالی کے پروگرام میں پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھائیں گے۔
فرانسیسی سفیر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کاجائزہ لیں گے، فرانس پنجاب حکومت کے ساتھ ہر سطح پر تعاون جاری رکھے گا۔
