کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے وزیراعظم شہباز شریف کو نگران وزیراعظم کیلئے کامران ٹیسوری کا نام تجویز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے کنوینر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی ملاقات ہوئی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
ملاقات میں کنوینر خالد مقبول صدیقی نے نگران وزیراعظم کے لیے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا نام تجویز کیا۔
اس موقع پر وفد نے ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری میں ان کے تحفظات دور کرنے اور مردم شماری سے متعلق ان کی تجاویز کی شمولیت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ وزیراعظم کو سندھ بالخصوص کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری خیریت سے مکمل ہو گئی اور نتائج کی منظوری تمام سیاسی جماعتوں کی اتفاق رائے سے ہوئی۔
وفد میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر برائے پاور انجینئیر خرم دستگیر، ڈاکٹر فاروق ستار، وفاقی وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری شامل تھے۔
خیال رہےکہ وزیراعظم شہباز شریف نے 9 اگست کو قومی اسمبلی تحلیل کرنےکی تاریخ دی ہے جبکہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کی رات 12 بجے ختم ہو رہی ہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
