Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیف سٹی منصوبہ پیپلز پارٹی حکومت کی دور اندیشی اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے، مراد علی شاہ

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیف سٹی منصوبہ پیپلز پارٹی حکومت کی دور اندیشی اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی سیف سٹی پروجیکٹ کی سافٹ لائونچنگ تقریب کا انعقاد ہوا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکلات کے باوجود پروجیکٹ کو حقیقت کا روپ دینے پر سندھ سیف سٹیز اتھارٹی کے بورڈ ممبران اور ڈی جی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، مجھے وزارت اعلیٰ عہدے کو چھوڑنے سے قبل سیف سٹی کراچی پراجیکٹ کے بہت سے انتظامات کے آغاز کا اعزاز حاصل ہے، ہم آج سیف سٹی کراچی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے لیے یہاں جمع ہوئے ہیں۔

سید مرا دعلی شاہ نے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی حکومت کی دور اندیشی اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے، سیف سٹی منصوبے سے محفوظ کراچی کے لیے لگن کی عکاسی ہے، یہ منصوبہ سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق بھی ہے، ہم اس منصوبے سے منسلک عجلت سے بخوبی واقف ہیں، ہمیں اس کے کامیاب نفاذ کے لیے اپنی کوشش میں ثابت قدم رہنا چاہیے، پیپلز پارٹی قیادت کی ہدایت پر ہم نے ہمیشہ شہریوں کی ضروریات اور خواہشات کو سرفہرست رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس جدید دور میں اپنے شہروں کے درپیش چیلنجز کو سمجھتے ہیں، عزم اور جدت کے ساتھ ہم ان کے چیلنجز کو حل کرنے کی کوشش کرینگے، سیف سٹی کراچی پروجیکٹ صرف نگرانی کے کیمروں اور تکنیکی ترقی کا مجموعہ نہیں ہے، سیف سٹی منصوبہ ایک محفوظ شہری ماحول کے لیے ہماری اجتماعی کاوشوں کو ظاہر کر رہا ہے، تیزی سے بڑھتے ہوئے شہر کراچی کو کئی چیلنجوں کا سامنا ہے، یہ ہمارا فرض ہے کہ ہر شہری بغیر کسی خوف کے اپنی روزمرہ کی زندگی گزار سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیف سٹی منصوبہ اس مقصد کے حصول کے لیے بہترین قدم ہے، سیف سٹی کراچی پروجیکٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا، ہنگامی ردعمل کے وقت بہتر رہنمائی ہوئی اور مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام میں مدد ملے گی، سیف سٹی پروجیکٹ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے اپنی اجتماعی کوششوں پر فخر کر سکتے ہیں، میں سیف سٹی پروجیکٹ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، سیف سٹی کراچی پروجیکٹ کی کامیابی کے لیے آپ کی لگن اور محنت لازوال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کی خواہشات کو مد نظر رکھتے ہوئے خدمت کرتے ہیں، ہم سپریم کورٹ کی توقعات اور معاملے کی عجلت کو یاد رکھیں، سیف سٹی پروجیکٹ کو موثر بناتے ہوئے ہم حکمرانی کی ایک روشن مثال بنائینگے، شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے یہ ہماری وابستگی کا ثبوت ہو، کراچی کے شہری اس بہتر حفاظت اور تحفظ کے منتظر ہیں، شہریوں کا اعتماد ایک ذمہ داری ہے جسے ہمیں بھرپور نبھائیں گے، ڈی جی سندھ سیف سٹیز اتھارٹی اور ایم ڈی این آر ٹی سی سے درخواست کرتا ہوں کہ معیار کو برقرار رکھا جائے۔

سابق وزیر برائے آئی ٹی تیمور تالپور، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، سیکریٹری داخلہ اعجاز شاہ، ڈی جی سیف سٹی اتھارٹی آصف اعجاز شیخ اور دیگر تقریب میں شریک ہوئے۔

 

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version