پاکستان تحریک انصاف لاہور کے سینئر نائب صدر رانا جاویداقبال نے ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑ دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف لاہور کے سینئر نائب صدر رانا جاویداقبال نے ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
رانا جاویداقبال نے استحکام پاکستان پارٹی لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود سے ملاقات کی ، اور پارٹی پیٹرن ان چیف جہانگیر خان ترین اور صدر عبدالعلیم خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ساتھیوں سمیت آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
استحکام پاکستان پارٹی لاہور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود نے رانا جاوید اقبال کو پارٹی مفلر پہنا کر ساتھیوں سمیت خوش آمدید کہا۔
رانا جاوید اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب بہتری کے خواہاں ہیں، استحکام پاکستان پارٹی ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے ویژن پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا سانحہ دلخراش اور ہر محب وطن کے لیے تکلیف دہ ہے، ان واقعات کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، اپنے اداروں اور قوم کے ساتھ کھڑے ہیں، ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے والے ناکام ہوں گے۔
اس موقع پر میاں خالد محمود کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے، آئندہ مزید خوشخبریاں ملیں گی، جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کی قیادت میں انشاء اللہ ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
