امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے وزارت تجارت میں نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے، امریکہ اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ٹیکسٹائل، ویل ایڈڈ فوڈ پروڈکٹس، تازہ آم اور کھجور، سویا بین اور بیف سمیت مختلف شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کے ممکنہ مواقع پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے سفیر کی وساطت سے امریکی کمپنیاں کو سرمایہ کاری کرنے کی بھی دعوت دی جبکہ گوہر اعجاز نے سفیر کے ساتھ اقتصادی بحالی کے منصوبے کے لیے حکومتی کوششوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پاکستان کے مستقبل کی معاشی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور امریکی حکومت کی مسلسل حمایت پر سراہا۔
نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نے ایک خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل تشکیل دی ہے جس کا مقصد مختلف شعبوں مثلاً کانوں، معدنیات، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور توانائی میں سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔
