نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہے کہ پاکستان کو پولیو سے فری بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے چیئرمین آف پاکستان نیشنل پولیو پلس کمیٹی عزیز میمن کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی جس میں وفد نے وزیر صحت کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ مختصر مدت میں صحت کے شعبہ میں اصلاحات کا ایجنڈا لایا ہوں ، نگراں وزیر اعظم کی قیادت میں ٹھوس اور عملی اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں۔
ڈاکٹر ندیم جان نے یہ بھی کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت تشکیل دی ہے، پاکستان کو پولیو سے فری بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔
نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے مزید کہا کہ ہائی رسک ایریاز کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں، بنوں میں انسداد پولیو پروگرام کے ٹاپ ترین ماہرین صحت تعینات کئے ہیں، پولیو کے خاتمے کیلئے اہداف مقرر کر دیئے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عزیز میمن نےکہا کہ آپ کی قیادت میں صحت کا شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔
چیئرمین آف پاکستان نیشنل پولیو پلس کمیٹی عزیز میمن نے مزید کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے آپ کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،پاکستان کو پولیو فری بنانے آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
