جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آئندہ جمعہ کو یوم یکجہتی منانے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطین اسرائیل صورتحال پر جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنا مؤقف دیتے ہوئے آئندہ جمعہ کو یوم یکجہتی منانے کا اعلان کردیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ فلسطینیوں کے موقف کو صحیح سمجھا ہے، جے یو آئی تسلسل کے ساتھ فلسطینیوں کے مؤقف کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے، آج بھی اپنے اس مؤقف کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں، فلسطینی مجاہدین کا اسرائیل پر حملہ تاریخی کامیابی اور تاریخی معرکہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی مجاہدین نے اپنے علاقوں کو اسرائیل کے غاصبانہ قبضے سے چھڑایا ہے، اس پر فلسطینی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، دنیا سمجھ رہی تھی کہ مسئلہ فلسطین مردہ بن چکا ہے یہ موضوع دوبارہ زیر بحث نہیں ہوگا، ہمارے ہاں ایک طبقے نے اسرائیل کو تسلیم کرانے کی ناکام کوشش کی، تازہ واقعے نے ثابت کیا کہ مسئلہ فلسطین مردہ نہیں ہوا بلکہ اس کی اہمیت آسمانوں کو چھو رہی ہے، اس حملے نے اسرائیل کے دفاعی نظام اور ان کے گھمنڈ کو زمین بوس کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حملے نے اسرائیل کے دفاعی نظام اور ان کے گھمنڈ کو زمین بوس کردیا ہے، یہ حقیقت تسلیم کرنی چاہیے کہ اسرائیل کوئی بڑی قوت نہیں بلکہ اسے بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ فلسطینی بھائیوں سے اپیل ہے کہ انسانی حقوق کا احترام کریں، بچوں، عورتوں اور عام شہریوں کو تکلیف نہ پہنچائیں، اسرائیل کے بچوں،عورتوں کو قتل کرنے کے مقابلے میں فلسطینی ثابت کریں کہ اسلام اور مسلمان کیسے انسانی حقوق کا تحفظ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اپنا فرض پورا کرے ،1967 کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے، بیت المقدس کو مسلمانوں کے حوالے کرے، او آئی سی کا فوری اور بھرپور اجلاس طلب کیا جائے، قابل احترام دوست ملک سعودی عرب سے کردار کی توقع رکھتے ہیں، پاکستان اور دیگر اسلامی ملک فوری موجودہ معروضی حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئے زاویے سے اپنے موقف کا تعین کرے، مشرق وسطی میں امن کے قیام کو یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کوتسلیم کئے بغیر اور انکا ملک ان کے حوالے کئے بغیر مشرق وسطی میں امن قائم نہیں ہوسکتا، جے یو آئی آئندہ جمعے کو ملک بھر میں ہر ضلع میں اہل فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے، پوری قوم مظاہروں میں شریک ہوکر امت کے جسد واحد ہونے کا ثبوت پیش کرے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
