مسلم لیگ (ن) کے مینار پاکستان میں سجائے جانے والے پنڈال کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی وطن واپسی پر استقبال کی تیاریاں جاری ہیں۔
پارٹی قائد کے استقبال کے لئے مینار پاکستان میں سجائے جانے والے پنڈال میں قائد کی آمد و دیگر تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
نواز شریف کی ایئرپورٹ سے مینار پاکستان جلسہ گاہ آمد کے لئے 2 پلان ترتیب دیے گئے ہیں، ایک پلان کو اے اور دوسرے کو پلان بی کا نام دیا گیا ہے، لاہور ایئرپورٹ پر مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پارٹی قائد کا استقبال کریں گے؛ پلان اے کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو لاہور ایئر پورٹ سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ لایا جائے گا جبکہ پلان بی کے مطابق نواز کو شریف سڑک کے راستے براستہ مال روڈ یا رنگ روڈ سیکیورٹی کے سخت حصار میں جلسہ گاہ لایا جائے گا۔
مینار پاکستان پر جلسے کے پنڈال میں 3 منزلہ اسٹیج تیار کیا جائے گا، پہلی منزل پر پارٹی قائد نواز شریف شہباز شریف اور مریم نواز سمیت پارٹی کے مرکزی عہدیداران کے لیے مختص ہو گی، دوسری منزل پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور سابق وفاقی وزراء کے لئے مختص ہو گی جبکہ تیسری منزل پر پارٹی کے دیگر سینئر رہنماؤں کے بیٹھنے کے لئے انتظامات کئے جائیں گے۔
پنڈال میں لاہور سمیت دیگر اضلاع کے قومی اسمبلی کے حلقوں کے نمبروں کے حساب سے الگ الگ انکلیو بنائے جائیں گے، مینار پاکستان جلسے میں کارکنان کی آمد کے لئے شاہدرہ اور نیازی (بتی) چوک کے راستے بیرونی اضلاع سے آنے والے قافلوں کو راوی روڈ پر پارکنگ مہیا کی جائے گی، ملتان روڈ اور فیروز پور روڈ سے آنے والے قافلوں کو ٹیکسالی گیٹ والی سائیڈ پر پارکنگ مہیا کی جائے گی جبکہ مرکزی رہنماؤں کو مینار پاکستان کے عقبی گیٹ سے انٹری دی جائے گی۔
پنڈال میں ہر ایک انکلیو میں 3500 سے 5500 کرسیاں لگائی جائیں گی، 6 بڑی ایس ایم ڈیز بھی نصب کی جائیں گی، داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ بھی لگائے جائیں گے اور جلسہ گاہ میں پارٹی قائد کی آمد پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔
تمام ٹکٹ ہولڈرز اور سابق صوبائی اراکین اسمبلی کو 3500 کارکنان کو جلسہ گاہ لانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے جبکہ قومی اسمبلی کے سابق ارکان اور ٹکٹ ہولڈرز کو 5000 کارکنان لانے کی زمہ داری سونپی گئی ہے، پنڈال میں مخصوص انکلیو بنا کر ہر ایک رہنما کے کارکنان کی تعداد گنی جائے گی، کارکنان لانے کی ذمہ داری احسن طریقے سے سرانجام دینے والوں کی آئندہ انتخابات میں پارٹی ٹکٹ کنفرم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے قائد نواز شریف کی واپسی پر کامیاب استقبالیہ کے لیے ڈویژنز لیول پر کوآرڈینیٹرز نامزد کردیئے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن نے مجموعی طور پر نو ڈویژن پر تقسیم کیا گیا ہے۔
راولپنڈی ڈویژن کے لیے خواجہ سعد رفیق کو ڈویژنل کوآرڈینیٹرنامزد کیاگیا ہے، گجرانوالہ کے لیے ملک احمد خان جبکہ سرگودھا ڈویژن کے احسن اقبال فیصل آباد ڈویژن کے لیے خرم دستگیر کو کوآرڈینیٹرز نامزد کیاگیا، ساہیوال کے لیے میاں جاوید لطیف جبکہ ملتان کے لیے سرداراویس خان لغاری اور بہاولپور کے لیے سردار ایاز صادق نامزد کیاگیا ہے، ڈی جی خان ڈویژن کے لیے طلال چوہدری جبکہ سعود مجید کو لاہور ڈویژن کا کوارڈنیٹر نامزد کیا گیا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
