سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا جس کے نتیجے میں 1 دہشتگرد ہلاک جبکہ 2دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات ملی تھیں جس پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، سیکورٹی فورسز کے ساتھ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 1 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 زخمی دہشت گردوں کو سیکورٹی فورسز نے حراست میں لے لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں اور بےگناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے جبکہ ہلاک دہشت گردو زخمیوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ ایک اور بیان کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے سرواکئی میں دیسی ساختہ بارودی سرنگ پھٹنے سے 2 سپاہی شہید بھی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید ہونے والوں میں سپاہی بنارس خان اور سپاہی عبدالکریم شامل ہے،23 سالہ شہید سپاہی بنارس خان کا تعلق اور کزئی جبکہ 23 سالہ شہید سپاہی عبدالکریم کا تعلق خیبر سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے سے دہشت گردوں کا خاتمہ یقینی بنانے کے لئے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی عظیم قربانیاں دہشت گردی کے خلاف عزم کو تقویت بخشتی ہیں۔
