Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کے آئین کو بہتر کرکے عوام دوست بنانا ہوگا،خالد مقبول صدیقی

خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان کے آئین کو بہتر کرکے عوام دوست بنانا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کا وفد سردار ایاز صادق کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد پہنچا جہاں لیگی وفد کا سینئر ڈپٹی کنوینر کنوینر مصطفیٰ کمال اور اراکین رابطہ کمیٹی نے استقبال کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں جماعتوں میں سیر حاصل گفتگو ہوئی اور مستقبل میں ملک کی بہتری کے لیے ایک ساتھ کام کرنے پر اتفاق ہوا۔

بہادرآباد مرکز پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے آئین کو عام پاکستانیوں کے حقوق کی حفاظت کرنے والا بنائیں گے ہمیں ایک دوسرے کے مینڈیٹ کو تسلیم کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں انتظامی، عدالتی سمیت ہر بحران کا سامنا ہے جبکہ ہمیں مالی نہیں نیتوں کے بحران کاسامنا ہے، پاکستان کے آئین کو بہتر کرکے عوام دوست بنانا ہوگا۔

خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ حکمران دوست آئین اب مزید نہیں چل سکتا، وفاق اور صوبوں کی حکومتوں کو آئینی تحفظ حاصل ہے۔

کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ بلدیاتی،شہری حکومتوں کو بھی آئین میں قانونی تحفظ ملنا ضروی ہے، آئین میں بلدیاتی حکومتوں کے اختیارات کو متعین کیا جائے۔

 اس موقع پر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور ن لیگ کی جانب سے جلد مشاورتی کمیٹی کا اعلان کر دیا جائے گا، کوشش ہوگی سندھ میں عوامی امنگوں کی ترجمانی کرنے والا اتحاد قائم کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں ایم کیوایم کی جانب سےسامنے رکھی گئیں وہ ملک کے لیےاہم ہیں، ہم نیب کے احتساب کے قانون کو تسلیم نہیں کرتے،کراچی کو کھنڈر بنایا گیا،سندھ کو نظرانداز کیاگیا، صوبائی مالیاتی ایوارڈ اب حقیقت بن جانا چاہئے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ معاشی مسائل سے پاکستان کو نکالنے کے لیے میثاق جمہوریت کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کریں گے جبکہ کوشش ہوگی سندھ میں اتحاد بنایا جائے ،ایسا اتحاد بنانے کی کوشش کررہے ہیں جو سندھ کے مفادات کا تحفظ کرے اور یہ اتحاد چلے گا نہیں دوڑے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیاسی انجینئرنگ کسی بھی نظام میں نہیں ہونی چاہئے، پاکستان کو سیاسی انجینئرنگ سے بہت نقصان پہنچا ہے جبکہ ہمارے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر کوئی بات نہیں ہوئی۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کا تعلق صرف کراچی سے نہیں پورے ملک سے ہے، امید ہے یہ رابطہ پاکستان کی سالمیت اور بقا کے لیے اہم قدم ثابت ہوگا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں موجود جمہوریت کو عام آدمی کی جمہوریت میں بدلنا ہے جبکہ ن لیگ اور ایم کیوایم وسائل کی منصفانہ تقسیم پر متفق ہیں۔

خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ بنیادی کام اصلاحات کی طرف بڑھا جائے جبکہ بلدیاتی نظام کونہایت مہذب ہونا چاہئے، اشتراک سے ناصرف کراچی بلکہ پورا پاکستان مستفید ہوگا۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version