نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت ایم ایل ون کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل یقینی بنائے گی۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت ایم ایل ون منصوبے پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں نگران وزیراعظم کو پاکستان ریلویز کے مین لائن ون منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایم ایل ون منصوبہ دو مراحل میں تعمیر کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں کراچی تا ملتان 930 کلومیٹر ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔
بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا گیا کہ 2022 کے دوران سیلاب کی زد میں آنے والے انفراسٹرکچر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدت دی جائے گی۔دوسرے مرحلے میں ملتان تا پشاور 796 کلومیٹر کا حصہ مکمل ہو گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ایم ایل ون کا اغاز اور ریلوے کی اصلاحات نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے، منصوبے کی تکمیل کے دوران ماحولیاتی اثرات کا خصوصی خیال رکھا جائے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبہ سی پیک کا اہم حصہ ہے، ایم ایل ون مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ہدایت کی کہ منصوبے کی متعین کردہ وقت میں تکمیل اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے، ریلوے میں بیرونی سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، حکومت ایم ایل ون کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل یقینی بنائے گی۔
اجلاس میں نگران وفاقی وزراء شمشاد اختر اور سمیع سعید، مشیرِ احد چیمہ، معاون خصوصی جہانزیب خان بھی شریک ہوئے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
